نئی دہلی3مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)میگھالیہ سے مل رہے انتخابی رجحانات میں کانگریس کے سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آنے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے پارٹی نے دو سینئر لیڈروں احمد پٹیل اور کمل ناتھ کو ریاست روانہ کر دیا ہے تاکہ حکومت بنانے کے امکانات کو تلاش کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق، احمد پٹیل اور کمل ناتھ ہفتہ صبح شیلانگ کے لئے روانہ ہوئے تاکہ وہاں جیتنے والے آزاد اسمبلی ارکان کے ساتھ مل جل کر حکومت بنانے کے امکانات پر غور کیا جا سکے۔میگھالیہ میں اس وقت بھی کانگریس کی ہی حکومت ہے، اور وہ اسمبلی انتخابات 2018 کی ووٹوں کی گنتی میں مل رہے رجحانات میں بھی سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھرتی دکھائی دے رہی ہے۔ 60رکنی اسمبلی کے لئے 27 فروری کو ووٹنگ ہوئی تھی جبکہ ولیم نگر نشست پر ایک امیدوار کے قتل کی وجہ سے ووٹنگ منسوخ کر دی گئی تھی ۔کانگریس نے یہ قدم ان تنقیدوں کے بعد اٹھایا ہے جو منی پور اور گوا میں سست رہ جانے کی وجہ سے پارٹی کی ہوئی تھی۔ دراصل دونوں ہی ریاستوں میں کانگریس سب سے بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آئی تھی؛ لیکن بی جے پی وہاں حکومت بنا نے میں کامیاب ہو گئی تھی ۔